نیوزی لینڈ مضبوط ترین ٹیم بھارت کو ہراکر ورلڈ کپ فائنل میں پہنچ گیا

ورلڈ کپ 2019ء کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے مضبوط ترین ٹیم بھارت کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، 240 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 221 پر ڈھیر ہوگئی، رویندرا جڈیجا اور مہندرا سنگھ دھونی کے درمیان 116 رنز کی شراکت بھی کوہلی الیون کے کام نہ آسکی۔

ورلڈ کپ 2019ء کا پہلا سیمی فائنل دو روز میں مکمل ہوا، پہلے دن بارش کی نذر ہونے کے بعد ریزرو ڈے پر نیوزی لینڈ نے بھارت کو 240 رنز کا ہدف دیا۔

بھاری ٹیم کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور محض 24 رنز کے مجموعے پر اسٹار بلے باز روہت شرما ایک رن، کے ایل راہول ایک رن، کپتان ویرات کوہلی ایک رن اور دنیش کارتھک 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے تھے، اس موقع پر رشبھ پنت اور ہاردک پانڈیا کے درمیان 47 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو بھارتی فینز کو کچھ اطمینان میسر آیا تاہم دونوں 32، 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پہلا سیمی فائنل، نیوزی لینڈ کا بھارت کو جیت کیلئے 240 رنز کا ہدف

سابق کپتان اور تجربہ کار بیٹسمین مہندرا سنگھ دھونی اور رویندرا جڈیجا نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور 116 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، جڈیجا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے تاہم ٹیم کی نیا پار نہ لگا سکے، دھونی بھی اختتامی لمحات میں دوسرا رن لینے کی کوشش میں مارٹن گپٹل کی شاندار تھرو وکٹوں پر لگنے کے باعث رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 72 گیندوں پر 50 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔

یوزویندرا چاہل 5 اور بھوونیشور کمار بغیر کوئی رن بنائے وکٹیں گنوا گئے، بھارتی ٹیم 49.3 اوورز میں 221 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کیویز نے میچ میں 18 رنز کی فتح کے ساتھ ورلڈ کپ 2019ء کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

مزید جانیے : پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہیڈ کوچ کے لیے اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 37 رنز دے کر 3، مچل سینٹنر نے 34 اور ٹرینٹ بولٹ نے 42 رنز کے بدلے 2، 2  وکٹیں لیں، لوکی فرگوسن اور جیمز نیشم نے ایک ایک شکار کیا۔ میٹ ہینری کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ورلڈ کپ 2019ء کی دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کل آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے بعد ہوگا۔

ENGLAND

first semi final

CWC2019

Tabool ads will show in this div