پہلا سیمی فائنل، نیوزی لینڈ کا بھارت کو جیت کیلئے 240 رنز کا ہدف

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کےلیے 240 رنز کا ہدف دے دیا۔ گزشتہ روز مانچسٹر میں بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تھا۔
میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ امپائرز نے 46.1 اوورز پر میچ بارش کے باعث روک کر اگلے دن میچ پورا کرنے کے قانون کا استعمال کیا تھا۔
نیوزی لینڈ نے بارش سے قبل 46.1 اوورز میں کین ولیمن سن اور راس ٹیلر کی نصف سنچریوں کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے۔ آج جب میچ شروع ہوا تو راس ٹیلر 74 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

کیویز بلے بازوں میں اوپنر مارٹن گپٹل ایک، ہنری نکلس 28، جیمز نیشم 12 اور گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان کین ولیم سن نے 67 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے بھی شامل تھے۔

بھارت کی جانب سے بھوونیشور کمار نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جسپریت بمرا، ہاردک پانڈیا، رویندرا جیجا اور یوزویندرا چہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آئی سی سی رولز کے مطابق اضافی دن پر بھی اگر بارش ہوگئی تو بھارت لیگ مرحلے میں بہتر پوائنٹس کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گا، بھارتی ٹیم نے لیگ مرحلے میں 7 اور نیوزی لینڈ نے 5 میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔