شعیب کی ریٹائرمنٹ پر ثانیہ مرزا حوصلہ بڑھانے آگے آ گئیں

سابق کپتان شعیب ملک کا ایک روزہ بین القوامی میچز کا کیرئیر اختتام کو پہنچا۔ شعیب کی جانب سے سوشل میڈیا پر ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے شوہر کو سراہتے ہوئے حوصلہ افزا پیغام دیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ثانیہ مرزا نے لکھا ’’ہر کہانی کا ایک اختتام ہوتا ہے لیکن زندگی میں ہر اختتام ایک نئی شروعات ہوتا ہے۔ آپ اپنے ملک کے لیے 20 سال کھیلے اور آپ نے بہت اعزاز اور عاجزی کے ساتھ اسے جاری رکھا‘‘۔

ثانیہ نے اپنی اور بیٹے اذہان مرزا ملک کی جانب سے مزید لکھا کہ مجھے اور اذہان کو ہر اس چیز پر فخر ہے جو آپ نے حاصل کی لیکن جیسے آپ ہیں ہمیں اس پر زیادہ فخر ہے۔

ثانیہ نے حوصلہ بڑھاتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے حوالے سے شعیب کیلئےخواہش کی کہ آپ مزید ہزاروں رنز اسکور کریں۔

اس سے قبل پاکستان کے لیے 287 ایک روزہ میچ کھیلنے والے شعیب ملک نے ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز ، فیملی ، دوستوں ، میڈیا ، اسپانسرز اور اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ شعیب ملک نے گزشتہ سال ورلڈ کپ 2019 کے بعد ایک روزہ بین القوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا جو انہوں نے کل پاکستان کرکٹ ٹیم کے آخری میچ کے بعد پورا کردیا۔

امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ گزشتہ روز لارڈز میں بنگلادیش کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں شعیب ملک کو شامل کیا جائے گا لیکن ایسا نہ ہوا اور وہ اپنا الوداعی میچ نہ کھیل سکے۔

ShoaibMalik

world cup 2019

Tabool ads will show in this div