ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر شعیب ملک کا پیغام
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے سوشل میڈیا پر بھی ایک روزہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
پاکستان کے لیے 287 ایک روزہ میچ کھیلنے والے شعیب ملک نے ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق بتاتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا۔
شعیب نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’’ آج میں ایک روزہ بین القوامی کرکٹ سے ریٹائرہوگیا ہوں، ان تمام پلیئرز کا جن کے ساتھ میں نے کرکٹ کھیلی، کوچز جنہوں نے مجھے ٹریننگ دی، فیملی، دوست میڈیا اور اسپانسرز اور سب سے بڑھ کر میرے پرستاروں کا بے حد شکریہ۔ مجھے آپ سب سے پیار ہے ‘‘۔
Today I retire from One Day International cricket. Huge Thank you to all the players I have played with, coaches I have trained under, family, friends, media, and sponsors. Most importantly my fans, I love you all#PakistanZindabad ?? pic.twitter.com/zlYvhNk8n0
— Shoaib Malik ?? (@realshoaibmalik) July 5, 2019
یاد رہے کہ شعیب ملک نے گزشتہ سال ورلڈ کپ 2019 کے بعد ایک روزہ بین القوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا جو انہوں نے کل پاکستان کرکٹ ٹیم کے آخری میچ کے بعد پورا کردیا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ گزشتہ روز لارڈز میں بنگلادیش کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں شعیب ملک کو شامل کیا جائے گا لیکن ایسا نہ ہوا اور وہ اپنا الوداعی میچ نہ کھیل سکے۔
میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں نےشعیب ملک کی خدمات کو سراہا اور انہیں تالیاں بجاتے ہوئے میدان سے رخصت کیا۔
✅ Hugs galore ✅ Guard of honour ✅ Plenty of applause
Pakistan gave Shoaib Malik a fitting send-off as he retired from ODI cricket ?#CWC19 pic.twitter.com/ESA4q1sLUM — Cricket World Cup (@cricketworldcup) July 5, 2019
ورلڈ کپ میں شعیب ملک کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہونے کے باوجود شعیب ملک تین اہم ترین میچز میں صرف 8 رنز بناسکے۔ انگلینڈ کیخلاف انہوں نے 8 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد دیگر میچز میں انہیں شامل نہیں کیا گیا۔
عالمی کپ سے پہلے انگلینڈ کیخلاف ہونے والی سیریز میں بھی شعیب ملک کی اوسط بیٹنگ 14 رنز فی اننگز تھی جبکہ اس سے قبل وہ نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کیخلاف ہونے والی ون ڈے سیریز میں بھی ناکام رہے تھے۔