وفاقی حکومت کی نمبر گیم کے باعث بلوچستان کو اہمیت نہیں مل رہی، جام کمال

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ وفاق کی سیاست نمبر گیم پر ہے جس کی وجہ سے بلوچستان کو وفاقی سطح پر اہمیت نہیں ملتی تاہم موجودہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کی یکساں اہمیت تسلیم کرتی ہے کیونکہ جب تک نمبر گیم پر انحصار رہے گا تب تک چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی ختم نہیں ہوگا۔

کوئٹہ میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جام کمال خان نے کہا تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچہ اور سیاسی و انتظامی امور میں بہتری کی گنجائش بھی ہے اور ضرورت بھی ہے۔ ہم ان امور کی جانب بھرپور توجہ دے رہے ہیں، جس کی وجہ سے بہتری اور تبدیلی آرہی ہے۔ برسراقتدار جماعتیں اگر کارکردگی نہ دکھاسکیں تو انہیں سیاسی نقصان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوامی شعور میں اضافہ ہوا ہے اور اب ان سے کچھ مخفی رکھنا ممکن نہیں۔ اب تمام سٹیک ہولڈرز کو چوکس رہنا ہوگا اور یہی عنصر بہتری کی بنیادی بھی بن سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان  نے کہا کہ ہم اس خطہ میں رہتے ہیں جہاں ہمسایہ ممالک کے حالات ہم پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ بلوچستان پر بھی یہ اثرات مرتب ہوئے ہیں جنہوں نے ہمارے سماجی اور معاشی مسائل میں اضافہ کیا ہے اور ہماری ثقافت بھی متاثر ہوئی ہے۔ ہمیں خطے کی صورتحال کے باعث سیکیورٹی کے مسائل بھی درپیش ہیں اوراس وقت تمام دنیا کی نظریں بلوچستان پر ہیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی اداروں کے کردار کو بھی غلط طور پر پیش کیا جاتا ہے جس کا مقصد صوبے میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

Politics

Jam Kamal Khan

Tabool ads will show in this div