ورلڈ کپ : پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر، بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست
ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا، نیوزی لینڈ اور پاکستان 11، 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر ہیں تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر کیویز نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، آخری میچ میں گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دیدی، شاہین شاہ آفریدی نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
لارڈز میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 316 رنز کا ہدف دیا، حریف ٹیم 44.1 اوورز میں 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شاہین شاہ آفریدی نے 35 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ورلڈ کپ : پاکستان کا بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 316 رنز کا ہدف
سیمی فائنل تک رسائی کیلئے پاکستان کو بڑا ٹوٹل اور بھاری مارجن سے فتح درکار تھی تاہم قومی ٹیم دونوں اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی، پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ کی ہم پلہ ہیں تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر کیویز کو سیمی فائنل میں رسائی مل گئی۔
مزید جانیے : فخر زمان سپر فلاپ، ورلڈ کپ کے 8 میچوں میں صرف 186 رنز
بنگلہ دیشی ٹیم 316 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 48 کے مجموعے پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے، سومیا سرکار 22 اور تمیم اقبال 8 رنز بنا کر وکٹیں گنوا گئے، مشفیق الرحیم بھی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، شکیب الحسن نے لٹن داس کے ساتھ مل کر کچھ مزاحمت کی، دونوں کے درمیان 58 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : سابق کپتان شعیب ملک کا ون ڈے کیریئر اختتام پذیر؟
شکیب الحسن 64 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، انہوں نے 77 گیندوں کا سامنا کیا اور 7 چوکے لگائے، لٹن داس 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمود اللہ 29، مصدق حسین 16، محمد سیف الدین صفر، مشرفی مرتضیٰ 15 اور مستفیض الرحمان ایک رن بناکر پویلین لوٹے، مہدی حسن مرزا 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 35 رنز کے بدلے 6 وکٹیں لیں اور مین آف دی میچ قرار پائے، شاداب خان نے 2، وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک ایک شکار کیا۔