امریکی شہر شکاگو میں چاقو کے وار اور بھگدڑ مچنے سے متعدد افراد زخمی
امریکی شہر شکاگو میں نیوی پیئر پر جمعرات کی رات چاقو کے وار سے تین افراد زخمی ہوگئے جس کے بعد بھگدڑ مچنے سے مزید 14 افراد زخمی ہوئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق لیک مشی گن کے کنارے موجود لوگ یوم آزادی کا جشن منارہے تھے جب رات کے تقریبا 10 بجے تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا۔
شکاگو پولیس کے ترجمان انتھونی گیولائیلمی نےبتایا کہ تلخ کلامی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ یہ واقعہ اس جگہ پیش آیا جہاں عوام کو تلاشی کے بغیر آنے کی اجازت ہوتی ہے۔ اس دوران کسی نے افواہ پھیلا دی کہ ہجوم میں ایک شخص کے پاس اسلحہ ہے،جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی اور وہاں موجود لوگوں میں افراتفری پھیل گئی۔
واقعے کے بعد، ہیری کیری ٹیورن کے نزدیک بھگدڑ مچنے سے 14 افراد زخمی ہوگئے۔ علاقے میں لوگوں کا سامان بکھرا ہوا نظر آرہا تھا۔ زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا تاہم ان میں سے کوئی تشویش ناک حالت میں نہیں تھا۔ اس واقعے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔