ورلڈ کپ : بھارت، بنگلہ دیش کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 28 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی، 315 رنز ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز 286 رنز پر آؤٹ ہوگئے، شکیب الحسن اور محمد سیف الدین نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جسپریت بومرا نے 4 اور ہاردک پانڈیا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ایجبسٹن میں کھیلے گئے کرکٹ کے میگا ایونٹ کے اہم میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 315 رنز کا ہدف دیا، بنگال ٹائیگرز رنز کا دباؤ برداشت نہ کرسکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے اور پوری ٹیم 48 اوورز میں 286 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ورلڈ کپ : بھارت کا بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 315 رنز کا ہدف
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن 66 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، محمد سیف الدین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 38 گیندوں پر 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

تمیم اقبال 22، سومیا سرکار 33، مشفیق الرحیم 24، لٹن داس 22، مصدق حسین 3 اور شبیر رحمان 36 رنز بنا کر ٹیم کو منجھدار میں چھوڑ گئے، مشرفی مرتضیٰ 8، روبیل حسین 9 اور مستفیض الرحمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بومرا نے 55 رنز دے کر 4، ہاردک پانڈیا نے 60 رنز کے بدلے 3، بھوونیشور کمار، محمد شامی اور یوزویندرا چہل نے ایک ایک شکار کیا۔
ورلڈ کپ، سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کے کتنے امکان؟
بھارت 28 رنز کی جیت کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی دوسری ٹیم بن گیا، اس سے قبل آسٹریلیا 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ٹیم ہے۔
بھارتی اوپنر روہت شرما کو 92 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔