ورلڈ کپ : بھارت کا بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 315 رنز کا ہدف
ورلڈ کپ کے اہم میچ میں اچھے آغاز کے باوجود بنگلہ دیش نے بھارت کو 314 رنز تک محدود کردیا، روہت شرما نے سنچری اور کے ایل راہول نے نصف سنچری بنائی، دونوں کے درمیان 180 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی۔ مستفیض الرحمان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایجبسٹن میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ 2019ء کے اہم میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو بالکل صحیح ثابت ہوا، بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنا ڈالے۔

بھارتی اوپنرز روہت شرما اور کے ایل راہول نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 180 رنز کی شراکت فراہم کی، روہت نے ورلڈ کپ کی چوتھی سنچری داغ دی، وہ 92 گیندوں پر 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، راہول نے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان ویرات کوہلی 26، رشبھ پنت 48، ہاردک پانڈیا صفر، مہندرا دھونی 35، دنیش کارتھک 8، بھوونیشور کمار 2 اور محمد شامی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 59 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شکیب الحسن، روبیل حسین اور سومیا سرکار نے ایک ایک شکار کیا۔
ورلڈ کپ 2019ء میں پاکستان ٹیم جمعہ کو بنگلہ دیش کا سامنا کرے گی، قومی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔