ورلڈ کپ، سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کے کتنے امکان؟
آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف انگلینڈ کی فتح سے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید لگانے والی ٹیموں کے لیے مشکل صورتحال پیدا ہو گئی ہے جن میں پاکستان سرفہرست ہے۔
بھارت کی شکست سے پاکستان کی سيمی فائنل تک رسائی مزيد مشکل ہوگئی کیونکہ پوائنٹس ٹيبل پر پاکستان ٹيم چوتھے سے پانچويں نمبرپر آگئی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کا جائزہ لیا جائے تو آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جس نے 8 میچز میں اب تک 14 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ اس کا ایک میچ باقی ہے۔ 14 پوائنٹس کے ساتھ کینگروز کی سیمی فائنل میں شمولیت یقینی ہوچکی ہے لیکن اس بات پر ابھی بھی سوالیہ نشان ہے کہ باقی 3 ٹیمیں کون سی ہوں گی؟۔
دیگرٹیموں میں دوسرے نمبر پر تاحال 7 میچز کھیل کر 11 پوائنٹس حاصل کرنے والی بھارت، تیسرے پر 8 میچز اور 11 پوائنٹس کے ساتھ نیوزی لینڈ، چوتھے پر 8 میچز اور 10 پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ اور پانچویں نمبر پر 8 ہی میچز کھیل کر 9 پوائنٹس حاصل کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم ہے۔
آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جو 8 میچز کھیل کر 14 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہے اور مزید 3 ٹیموں کو سیمی فائنل کھیلنے کے لیے آگے آنا ہے لیکن مقابلے میں 5 ٹیمیں ہیں۔
چھٹے نمبر پر 7 میچز کھیل کر 7 پوائنٹس کے ساتھ بنگلہ دیش اور ساتویں نمبر پر8 میچز کھیل کر 8 پوائںٹس کے ساتھ سری لنکا کی ٹیمیں ہیں۔
اگر بھارت انگلینڈ سے جیت جاتا تو گرین شرٹس کو یقینی طورپر فائدہ پہنچتا لیکن اب صورتحال خاصی گھمبیر ہے کیونکہ سيمی فائنل تک رسائی کيلئے قومی ٹیم کو بنگلا ديش کے خلاف 5 جولائی کو اپنا آخری ميچ بھاری مارجن سے جيتنا ہوگا اورصرف یہی کافی نہیں ، ساتھ ہی نيوزي لينڈ کے ہاتھوں انگلينڈ کی شکست کا انتظار بھي کرنا ہوگا۔
گرین شرٹس کو بنگلا دیش کے خلاف بھاری مارجن سے فتح درکارہے کیونکہ اگر انگلش ٹیم نیوزی لینڈ سے جیت گئی تو پاکستان اور نيوزي لينڈ کے درميان رن ريٹ پرفيصلہ ہوگا۔
اس طرح سے3 جولائی کا انگلينڈ اورنيوزی لينڈ کا ميچ کوارٹرفائنل بن چکا ہے کیونکہ جوٹيم ميچ جيتی وہ فائنل 4 ميں باآسانی جگہ بنالے گی۔
بات کی جائے بھارت کی تو دوسرے نمبر پر ہونے کے باوجود بقیہ 2 میچز میں بنگلہ ديش اور سري لنکا کے ہاتھوں شکست سے بھارتی ٹيم بھی مشکل ميں پڑسکتی ہے کیونکہ سیمی فائنل کیلئے کوئی ایک میچ جیتنا لازمی ہوگا بصورت دیگر بھارتی ٹیم کیلئے بھی رن ریٹ کی بنیاد پر آگے جانے کا فیصلہ ہوگا۔
بات کی جائے بنگلہ دیش کی تو یہ ٹیم پاکستان اور بھارت کے خلاف بقیہ 2 میچز جیتنے کی صورت میں سیمی فائنل میں جاسکتی ہے لیکن اس کیلئے بھی ضروری ہوگا کہ نیوزی لینڈ انگلش ٹیم کو شکست دے۔