تازہ ترین

لاہور، رانا ثناء اللہ 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کو 6 ساتھیوں سمیت 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا گیا۔ عدالت آمد پر رانا ثنا نے کارکنوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب بھی دیا۔

منگل کے روز پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو اينٹي نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کی جانب سے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اے این ایف اہل کاروں کی جانب سے رانا ثنا کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے رانا ثناء اللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ امکان ہے کہ انہیں کیمپ جیل منتقل کیا جائے گا۔

رانا ثنا کی اہلیہ کی شوہر سے ملاقات نہ ہونے پر دھرنے کی دھمکی دی تھی

عدالت آمد سے قبل اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات رکھنے پر مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس نے رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد کی، برآمد ہونے والے منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل ہے، رانا ثنا اللہ کےخلاف آر ڈی لاہور نے مخبر کی اطلاع پر کارروائی کی، رانا ثنا اللہ کو جب روکا تو ان کے اہلکاروں نے اے این ایف کے اہل کاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔

 

قبل ازیں عدالت آمد پر ضلع کچہری کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ جب کہ کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیئے گئے۔ ایس پی سیکیورٹی کے مطابق پولیس نے سیکیورٹی پلان تیار کیا تھا۔ اس موقع پر پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کے 400 سے زائد اہل کار تعینات کیے گئے۔ پولیس کی واٹر کینن بھی ضلع کچہری کے باہر الرٹ رہی، جب کہ سادہ لباس میں انٹیلی جنس کے اہل کار بھی ڈیوٹی پر مامور تھے۔

 

ضلع کچہری جانے والے راستے عارضی طور پر بند کئے گئے۔ متبادل راستوں پر ٹریفک وارڈن بھی موجود رہے۔

واضح رہے کہ رانا ثنا کو پیر کی رات انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے گاڑی سے منشیات برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا۔ وہ لاہور میں اجلاس کی صدارت کیلئے فیصل آباد سے آ رہے تھے۔ اے این ایف کے مطابق رانا ثناء کی ذاتی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔ سکھیکی انٹر چینج سے منشیات منتقلی کی خفیہ اطلاع پرکارروائی عمل میں لائی گئی۔

 

اے این ایف کے مطابق منشیات کو سیمپل ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ رپورٹ آنے پر قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ موجودہ صورت حال پر مسلم لیگ ن کا پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں آج اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں گرفتاری کے بعد کی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔

anf

RANA SANAULLAH

lahore court

Drug Case

camp jail

Tabool ads will show in this div