اسلام آباد سے اسکردو کیلئے 320 روپے کا فضائی ٹکٹ

پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات کی سیر کا شوق تو سب کو ہی ہوتا ہے اور ہر سیاح کیلئے نادرن ایریاز میں گزارے گئے ایام زندگی بھر کیلئے خوبصورت یاد بن جاتے ہیں مگر ایک شخص ایسا بھی ہے جس کا سفر کچھ زیادہ ہی یادگار ہے اور اس میں ’باکمال لوگوں کی لاجواب سروس‘ کا کردار بھی ناقابل فراموش ہے۔

پشاور کے رہائشی بخت بیدار نے اتوار کو سوشل میڈیا پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) کا ایک پرانا ٹکٹ شیئر کیا ہے جس میں اسلام آباد سے اسکردو کیلئے ٹکٹ محض 320 روپے لکھے ہوئے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پی آئی اے کا 1996 کا یہ ٹکٹ ہاتھ سے لکھا ہوا ہے اور اس میں اردو کے ساتھ انگریزی اور عربی میں ہدایات لکھی گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں بخت بیدار نے ڈالر اور پی آئی کے ٹکٹ کی قیمت کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا ہے جس کے مطابق 1996 میں ڈالر 35 روہے جبکہ اسلام آباد اور اسکردو کا ٹکٹ 320 روپے کا تھا۔ اب ڈالر 160 روپے سے اوپر چلا گیا ہے جبکہ اسلام آباد، اسکردو کا ٹکٹ 16 ہزار سے زائد کا ہے۔ اس کا حساب کتاب نکالیں تو ڈالر کی قیمت میں تقریبا 400 فیصد جبکہ پی آئی اے کے ٹکٹ میں 5 ہزار فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سماء ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے بخت بیدار نے بتایا کہ یہ ٹکٹ 7 اگست 1996 کا ہے اور ٹکٹ کے اوپر بھی ہاتھ سے یہی تاریخ لکھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی ایک بھی سیاحتی مقام ایسا نہیں جو میں نے دیکھا نہ ہو جبکہ بیرون ممالک میں دبئی، چین اور سعودی عرب گئے ہیں۔

پی آئی اے کی ویب سائٹ کے مطابق 30 جون سمیت یکم اور 2 جولائی کو اسکردو کیلئے کوئی فلائٹ نہیں ہے جبکہ 3 جولائی کی فلائٹ کا ٹکٹ 16 ہزار 120 روپے ہیں۔ اسلام آباد سے اسکردو تک فضائی سفر محض ایک گھنٹے کا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد سے اسکردو کے لیے بس کا کرایہ 3 ہزار کے لگ بھگ ہے۔

 

SKARDU

Tabool ads will show in this div