عوامی نیشنل پارٹی پشاور کے صدر سرتاج خان قاتلانہ حملے میں جاں بحق

اے این پی پشاور کے ضلعی صدر سرتاج خان نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ سرتاج خان کے قتل پر انتہائی دکھ ہوا، قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،مجرموں کی گرفتاری میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرینگے۔

پولیس کے مطابق سرتاج خان کو گلبہار کے علاقے میں قتل کیا گیا۔ نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ زخمی حالت میں سرتاج خان کو لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج انتقال کرگئے۔

ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے بتایا کہ اے این پی رہنما کو متعدد گولیاں لگی،بظاہر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حملے کے وقت مقتول گاڑی کے اندر بیٹھے تھے، حملہ آوروں نے نہ تو ان سے موبائل چھینا اور نہ کوئی رقم لی۔

سرتاج خان کی میت کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ان کا تعلق چارسدہ سے تھا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ تفتیشی اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے فائر کئے گئے گولیوں کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جبکہ سڑک  پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی مدد لی جائے گی۔

ضلعی صدر سرتاج خان کے قتل کے خلاف اے این پی کے کارکنوں کی جانب سے پشاور کے فردوس چوک میں احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سرتاج خان کے قاتل فوری گرفتار کئے جائیں۔

اے این پی پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر کے قتل کا وزیراعلیٰ محمود خان نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایات کی ہے اور کہا ہے کہ ملوث افراد کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div