بلوچستان کی ترقی کیلئے حکومت اور میڈیا کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے، جام کمال خان

وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان  نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے حکومت اور میڈیا کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔

کوئٹہ پریس کلب کی کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے ہم سب کو مل جل کر آگے بڑھنا ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت ہر شعبہ زندگی کی بہتری کے لئے قابل عمل اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبے  کی مالی و اقتصادی صورتحال بہتر نہیں ہوگی تو ترقی کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔

وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے جامع اور مستقل بنیادوں پر حکمت عملی مرتب نہ کی گئی تو صوبے کے عوام مستقل سفر کریں گے۔ سوشل ڈویلپمنٹ بلوچستان کی سب سے بڑی طلب وضرورت ہے۔ بلوچستان کی وابستگی کو قومی سیاست میں مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے میڈیا اور صوبائی حکومت مشترکہ اقدامات کریں۔

 انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں تمام پہلووں کو مدنظر رکھ کر اسے عوامی ضروریات سے منسلک کیا گیا ہے۔ صوبائی بجٹ کے نکات کو اجاگر کرنے کے لئے میڈیا اپنا غیر معمولی  کردار ادا کرے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جرنلسٹ اکیڈمی کو سئنیر صحافی صدیق بلوچ کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔ صحافی انفرا اسٹریکچر اور عوامی بہبود کی اسکیمات کی نشاندہی کریں، ان پر عمل کریں گے۔

جام کمال خان نے کہا کہ جرنلسٹ گرانٹ کو 30 لاکھ روپے تک لے جائیں گے جبکہ جرنلسٹ کالونی کے لئے اراضی کی الاٹمنٹ کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ بلوچستان عوامی ہیلتھ کارڈ کے تحت غریب افراد کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب کی توسیع و بہتری کے لئے صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ مرحوم صحافیوں کے پسماندگان کی معاونت کی جائے گی۔ پریس کلب کی گرانٹ ایک کروڑ سے بڑھا کر دو کروڑ کی جائے گی۔

Jam Kamal Khan

Tabool ads will show in this div