ورلڈ کپ : پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیدی، بابر اعظم نے ناقابل شکست سنچری اور حارث سہیل نے نصف سنچری اسکور کی، گرین شرٹس نے 238 رنز کا ہدف 50 ویں اوور میں 4 وکٹ پر حاصل کیا۔
ورلڈ کپ 2019ء کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، گرین شرٹس نے 238 رنز کا ہدف 50 ویں اوور کی پہلی گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
پاکستان کو ابتداء میں مشکلات کا سامنا رہا جب فخر زمان اور امام الحق 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم اور محمد حفیظ کے درمیان 66 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم تجربہ کار بلے باز بھی 32 کے انفرادی اسکور پر وکٹ گنوا گئے۔

بابر اعظم اور حارث سہیل نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا، دونوں کے درمیان 126 رنز کی پارٹنر شپ بنی، تاہم حارث جیت سے صرف 2 رنز کی دوری پر وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 76 گیندوں پر 68 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
ورلڈ کپ : نیوزی لینڈ کا شاندار کم بیک، پاکستان کو جیت کیلئے 238 رنز کا ہدف
نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم ناقابل شکست 101 رنز بنائے، 127 گیندوں پر مشتمل اننگز میں انہوں نے 11 چوکے لگائے، میچ کا وننگ شاٹ کھیلنے والے کپتان سرفراز احمد 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بابر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن اور کین ولیمسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ پاکستان کے ہاتھوں ایونٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس سے قبل کیویز 6 میچز کھیل کر ناقابل شکست ٹیم تھی، جس نے 5 میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ایک ڈرا میچ کھیلا تھا۔