ورلڈ کپ : آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دیدی
ورلڈ کپ 2019ء کے اہم ترین میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ یقینی بنالی، 286 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 221 رنز پر ہمت ہار گئی، جیسن بیہرن ڈورف نے 5 اور مچل اسٹارک نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ورلڈ کپ 2019ء کے لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 286 رنز کا ہدف دیا، انگلش ٹیم کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور پوری ٹیم 44.4 اوورز میں محض 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ورلڈ کپ : آسٹریلیا کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 286 رنز کا ہدف
انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس 89 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، 6 انگلش بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔

جیمز ونس صفر، جونی بیئراسٹو 27، جو روٹ 8، کپتان اوئن مورگن 4، جوز بٹلر 25، کرس ووکس 26، معین علی 6، عادل راشد 25 اور جوفرا آرچر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، مارک ووڈ ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ
آسٹریلیا کی جانب سے جیسن بیہرن ڈورف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 44 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل اسٹارک 43 رنز کے بدلے 4 اور اسٹوئنس 29 رنز دے کر ایک شکار کر سکے۔

آسٹریلوی کپتان آرون فنچ کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میگا ایونٹ میں آسٹریلیا 7 میچ کھیل کر 12 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے، نیوزی لینڈ کے 11، بھارت کے 9 اور انگلینڈ کے 8 پوائنٹس ہیں۔