کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

گرمی سے ستائے کراچی والوں کے چہرے کھل اٹھے، موسم نے انگڑائی لی اور شہر ميں کہيں بادل گرجے تو کہيں خوب برسے، موسم تو خوشگوار ہوگیا تاہم بجلی کی عدم فراہمی نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔

شہر قائد میں بالآخر ابر کرم برس گیا، شہر بھر میں پہلے گرد آلود ہوائیں چلیں اور پھر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، آئی آئی چندريگر روڈ، لياری، گلشن اقبال، گلستان جوہر، راشد منہاس روڈ، ڈالمیا، نیو کراچی، بفرزون، سرجانی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد میں بارش خوب جم کر برسے۔

ملیر، یونیورسٹی روڈ، صفورا گوٹھ، منگھو پير، شارع فيصل، محمود آباد اور ديگر علاقوں ميں بھی تيز بارش ہوئی، بادل برسنے کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

محکمہ موسميات نے بھی اچھی خبر سنادی، ڈائريکٹر ميٹ سردار سرفراز نے سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ميں گرمی ميں کمی آئے گی، ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، بادل بھی چھائے رہيں گے۔

دوسری جانب بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جو بارش تھمنے کے بعد بھی بحال نہیں ہوسکی، سڑکوں پر پھسلن کے باعث کئی موٹر سائیکلیں بھی سلپ ہوگئیں جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

Tabool ads will show in this div