لاہور : توہم پرست ماں نے اپنے ہی بچوں کے جسم جلادیئے، خاتون گرفتار
لاہور ميں دور جاہليت کی ياد تازہ ہوگئی، توہم پرست ماں مبينہ طور پر 2 کمسن بچوں کو باندھ کر جلاتی رہی، والد نے بچوں کو اسپتال داخل کرا ديا، خاتون سميت 4 افراد کو گرفتار کرليا گيا۔
توہم پرستی مبتلا ماں نے اپنے ہی بچوں کو رسی سے باندھ کر جلانے کی کوشش کی، افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقہ قلعہ گجر سنگھ ميں پيش آيا، جہاں مبینہ طور پر خاتون نے 3 سالہ بیٹی مريم اور 2 سالہ جارج کو جلا کر زخمی کردیا۔
بچوں کے والد سائمن سلیم کے مطابق اس کی بیوی انيتا جن نکالنے کیلئے بچوں پر عمل کرتی رہی، جو وہ بچوں کو لينے گيا تو انہيں بری حالت ميں پايا۔
سائمن کی درخواست پر پوليس نے مقدمہ درج کرکے بچوں کی والدہ سميت 4 افراد کو حراست ميں لے ليا۔
گرفتار خاتون کا کہنا ہے کہ بچوں ميں جن تھے، جن کو نکالنے کیلئے بچوں پر تشدد کيا۔
ميو اسپتال کی ايمرجنسی ميں زيرعلاج دونوں بچوں کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔