شہباز شریف نے اپنی ہی پارٹی پر خودکش حملہ کردیا، عمر ایوب
عمر ايوب نے اپوزيشن ليڈر پر مايوسياں پھيلانے کا الزام لگاديا۔ قومی اسمبلی ميں اظہار خيال کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شريف نے اپنی ہی پارٹی پر خودکش حملہ کرديا، مسلم ليگ ن نے انتخابات ميں کاميابی کيلئے معيشت کے ساتھ کھلواڑ کيا۔ ان کا مزید کیا کہنا تھا آپ بھی سنیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بجلی عمر ایوب نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے اگلے مالی سال کیلئے مقرر کردہ 5500 ارب کے ریونیو کا ہدف حاصل کیا جائے گا، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) نے اپنے 10 سالہ دور حکومت میں ملک کو 24 ہزار ارب روپے کا مقروض کیا، ہم نے ماضی میں لئے گئے قرضوں پر اس سال 3 ہزار ارب روپے سود ادا کیا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی دونوں نے معیشت کو تباہ کردیا، ان کی پالیسیوں کے باعث ہمیں موجودہ اور مالیاتی خساروں کا سامنا ہے، بجٹ میں سول حکومت اور مسلح افواج نے اپنے بجٹ میں کمی کی ہے تاکہ موجودہ اقتصادی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ بجٹ میں قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے 184 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے سابق دور حکومت میں گردشی زر میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس سال کے اختتام تک گردشی زر صفر درجے تک لے آئیں گے۔
عمر ایوب نے توانائی کے شعبے کے بارے میں کہا کہ انہوں نے بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری پیدا کی اس کے نتیجے میں رمضان میں سحر وافطار کے دوران کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں کی گئی، 300 یونٹ بجلی خرچ کرنیوالے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ ہم نے انہیں اعانت فراہم کی ہے، بجلی چوری روکنے کی مہم کے دوران 30 ہزار افراد کیخلاف ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ 4 ہزار افراد کو بجلی چوری میں ملوث ہونے کی وجہ سے جیل بھیجا جاچکا ہے۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ آئندہ دنوں میں بجلی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہوگی، برآمدی صنعت کو بھی سپورٹ کی، جس سے برآمدات میں اضافے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کو انرجی مکس میں تبدیل کرنے کیلئے 2025ء تک ہمارا ہدف 25 فیصد ہے، 2030ء تک ملکی وسائل کو استعمال کرکے بجلی پیدا کرنے کا ہمارا ہدف 70 سے 75 فیصد ہے، سابق حکومت نے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر غلط مقامات پر نصب کئے جس سے ہمارے زراعت کے شعبے کو نقصان پہنچا۔
وفاقی وزیر عمر ایوب نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان رواں سال کے اختتام پر خلیفہ کے مقام پر تیل صاف کرنیوالے کارخانے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔