میاں صاحب ملک پرمہربانی کریں اورخاندانی سیاست چھوڑدیں،حاجی عدیل
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : غداری کیس کا معاملہ ایوان بالا میں بھی پہنچ گیا۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر کہتے ہیں آئی ایس پی آر کی مسلسل خاموشی سے شک ہو رہا ہے کہ فوج،پرویز مشرف کے ٹرائل کیخلاف ہے۔ اے این پی نے ملک سے ایک خاندان کی حکومت ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
سینیٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے نکتہ اعتراض پر پرویز مشرف کے ٹرائل کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کی طرف سے مشرف کے بیان پر مسلسل خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ فوج بحثیت ادارہ مشرف کے ٹرائل کے خلاف ہے۔ فوج منور حسن کے سیاسی بیان کا سیاسی جواب دے چکی ہے۔
قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مشرف کیخلاف ٹرائل پر فوج کا کوئی ردعمل نہیں۔ وزیر دفاع کہہ چکے ہیں کہ اس معاملے میں فوج کو نہ گھسیٹا جائے۔ فوج حکومت سے الگ ادارہ نہیں۔ لازمی نہیں کہ ہر بات کا جواب فوج ہی دے۔
اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان سے مذاکرات کے بجائے پرویز مشرف کیخلاف مقدمے میں زیادہ سنجیدہ ہے۔ عوام کی بجائے ایک سابق آمر کی سیکورٹی پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ملک سے ایک خاندان کی حکومت ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
تقریر لمبی ہونے پر چیئرمین سینیٹ نے حاجی عدیل کو ٹوکا اور گفتگو سمیٹنے کیلئے کہا تو حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ بات تو سمیٹ لوں گا مگر جو ملکی اثاثے سمیٹ رہے ہیں ان کا کیا کروں؟ میاں صاحب ملک پر مہربانی کریں اور خاندانی سیاست چھوڑ دیں۔ سینیٹ کا اجلاس پیر کی شام تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ سماء