ریموٹ مانیٹرنگ اینڈ انٹریوژن ڈیٹیکشن سسٹم سے ٹرانسمیشن لائن ٹاورز کی نگرانی ہوگی

این ٹی ڈی سی نے ٹرانسمیشن لائن ٹاورز کی مانیٹرنگ، نگرانی اور حفاظت کے لئے جدید ٹیکنالوجی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے 500 کے وی اور 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن ٹاورز کی مانیٹرنگ، نگرانی اور حفاظت کے لئے جدید ٹیکنالوجی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل سسٹم مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو حیدرآباد سندھ کے تعاون سے بنایا گیا ہے جسے ساﺅتھ ریجن میں ٹرانسمیشن لائن ٹاورز پر نصب کیا جائے گا۔
این ٹی ڈی سی ترجمان نے کہا کہ مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ ٹیلی کام نے ریموٹ مانیٹرنگ اینڈ انٹریوژن ڈیٹیکشن سسٹم کے نام سے سسٹم تیار کیا ہے جو ہارڈویئر، سافٹ ویئر اور سی سی ٹی وی کیمرہ پر مشتمل ہے۔
یہ سسٹم ٹرانسمیشن لائن ٹاورز سے میٹریل کی چوری کی روک تھام میں مدد کرے گا۔ جی ایس ایم ٹیکنالوجی پر مشتمل سی سی ٹی وی کیمرہ ٹرانسمیشن لائن ٹاورز پر نصب کیا جائے گا جو ٹاور کی حدود میں کسی قسم کی مداخلت یا چھیڑخانی کی صورت میں فوری کنٹرول روم میں خطرے کا سائرن بجا دے گا جبکہ حفاظتی سسٹم کو سولر پاور سے انرجائز کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی ٹیم نے مذکورہ حفاظتی سسٹم کا عملی مظاہرہ 500 کے وی دادو جامشورو ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور نمبر 428 پر کیا جو کامیاب رہا۔