بھارت نے نریندر مودی اور عمران خان کے درمیان ملاقات کا امکان مسترد کردیا
بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں نریندر مودی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کے امکان کو مسترد کردیا۔
بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرغستان کے دارالحکومت بشکیک میں چند روز کے بعد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر بھارت اور پاکستان کے وزرائے اعظم کے درمیان کوئی براہ راست ملاقات نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیکریٹری خارجہ کا دورہ بھارت نجی تھا، پاکستانی سیکریٹری خارجہ کے ساتھ کوئی ملاقات طے نہیں تھی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا دو روزہ سربراہ اجلاس 13 اور 14 جون کو ہو رہا ہے جس میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور بھارت کے دوسری مرتبہ منتخب ہونے والے وزیر اعظم نریندر مودی شرکت کر رہے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جنوری 2016 میں پٹھانکوٹ پر حملے کے بعد سے مکمل طور پر بند ہے۔
تاہم پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے 26 مئی کو نریندر مودی کو فون کر کے دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی تھی اور کہا تھا کہ وہ مودی کے ساتھ مل کر خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کے متمنی ہیں۔ تاہم بھارتی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اس کےلیے باہمی اعتماد کی فضا پیدا کرنا ضروری ہو گا۔