وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آج (منگل کو) عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں عید الفطر منگل 4 جون کو منائی جائے گی، اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ محمود خان نے خود کیا ہے۔
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا اپنے ایک آڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ مسجد قاسم علی خان اور صوبائی حکومت کو صوبے کے مختلف علاقوں سے شوال کا چاند نظر آنے کی 112 سے زائد شہادتیں موصول ہوئی ہیں، جس کی بناء پر وزیراعلیٰ محمود خان نے منگل 4 جون کو عید الفطر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ فیصلے کا مقصد یکجہتی کا اظہار کرنا ہے تاکہ پورے صوبے میں ایک ہی عید منائی جائے، خیبرپختونخوا میں سرکاری طور پر آج (بروز منگل) 4 جون کو عید الفطر منائی جارہی ہے۔
شوکت یوسفزئی کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ محمود خان اور گورنر خیبرپختونخوا پشاور میں عید منائیں گے، صبح نماز عید کے بعد وہ لوگوں سے عید ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی خواہش ہے کہ پورے صوبے میں ایک ہی عید ہو، پورے صوبے میں یکجہتی کا اظہار ہو۔
اس سے قبل شوکت یوسفزئی نے اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کی مفتی منیب الرحمان کو رویت ہلال کمیٹی کی سربراہی سے ہٹا کر ان کی جگہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو چیئرمین روہت ہلال کمیٹی بنادینا چاہئے۔