ورلڈ کپ 2019: نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی
ورلڈ کپ کرکٹ 2019ء کے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی، 137 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔
انگلینڈ میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ 2019ء کے میچ میں سری لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 29.2 اوورز میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی، 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے، اوپنر دیموتھ کرونا رتنے 52 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
کوشال پریرا 29، تھسارا پریرا 27، تھریمانے 4، کوشال مینڈس صفر، دھنن جایا ڈی سلوا 4، اینجیلو میتھیوس صفر، جیون مینڈس ایک، ایسورو ادانا صفر، لکمل 7 اور مالنگا ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری اور فرگوسن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بولٹ، گرانڈہوم، نیشم اور سینٹنر نے ایک ایک وکٹ لی۔
ورلڈ کپ 2019: سری لنکا، نیوزی لینڈ کیخلاف 136 رنز بنا کر آؤٹ
جواب میں نیوزی لینڈ نے 137 رنز کا ہدف صرف 16.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا، مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں، دونوں بالترتیب 73 اور 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔