بلوچستان کابینہ نے ڈیموں کی تکمیل کیلئے فنانسنگ کی منظوری دیدی 

May 27, 2019

 بلوچستان کابینہ نے صوبے میں 100 ڈیمز کی تعمیر کے منصوبے کے پیکیج 3 کے تحت تعمیر ہونے والے 20 ڈیموں کی تکمیل کے لئے برج فائنانسنگ کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ اجلاس میں بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ پالیسی میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی، پالیسی کے تحت مریضوں کو بعد از آپریشن معاونت، کینسر کے مریضوں کو بعد از علاج ادویات کی فراہمی اور معذور افراد کی بحالی میں معاونت فراہم کی جاسکے گی۔

صوبائی کابینہ نے منسوخ شدہ بلوچستان کاپر اینڈ گولڈ پروجیکٹ کے اثاثہ جات کی دیگر محکموں اور اضلاع کو منتقلی کی منظوری بھی دی، صوبائی کابینہ نے بوستان میں شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار کیلئے نجی شعبہ میں انرٹیک ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ سب لیز ڈیڈ کے ڈرافٹ کی منظوری بھی دے دی۔

کابینہ نے محکمہ تعلیم میں وزیراعلیٰ انیشی ایٹو پروگرام برائے اسکول انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کی اصطلاح میں تبدیلی بھی منظور کرلی، اس پروگرام کے تحت تحصیل کی سطح کے 296 مڈل اسکولوں کو ماڈل اسکول اور ضلعی سطح پر 66 ہائی اسکولوں کو ماڈل ہائی اسکول کا درجہ دیا جائے گا۔

اجلاس میں ژوب میر علی خیل شاہراہ کے تعمیراتی منصوبے کیلئے اضافی فنڈز کی اجراء کی منظوری بھی دی گئی، اس موقع پر بی ڈی اے کے عارضی ملازمین کی مستقلی کے معاملے کا جائزہ بھی لیا گیا اور چیئرمین بی ڈی اے کو بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی بورڈ کا اجلاس فوری طلب کرکے اس معاملے کا جائزہ لینے اور بورڈ کے مینڈیٹ کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل منظم کرنے کی ضرورت ہے اگر ہم اس میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو مالی گنجائش میں اضافہ ہوگا اور ترقیاتی اسکیموں کیلئے فنڈز بھی دستیاب ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، گورننس اور مالی و انتظامی نظم  و نسق میں بہتری آئی ہے۔

FUND

cm balochistan