شہباز شریف کو جواب دینے پر فردوس عاشق کیلئے رانا ثناء کا جواب الجواب
شہباز شریف سے متعلق معاون خصوصي برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ٹویٹ پرسابق وزیراعلیٰ تو کچھ نہ بولے البتہ رانا ثناء اللہ نے جواب الجواب داغ دیا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں عمران خان سے زیادہ جھوٹ بولنے والا وزیراعظم نہیں دیکھا، وہ اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی خواہش میں جھلس رہے ہیں لیکن اپوزیشن عید کے بعد اکٹھی ہوگی ۔
جواب میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے لکھا کہ شہباز شریف صاحب آپ کا چیمبر خالی ہے ، میدان چھوڑ کر بھاگنے والے دوسروں کو دروغ گوئی کا کیا درس دے رہے ہیں، اسحاق ڈار کے ساتھ واپس آئیں تاکہ سچ اور جھوٹ کا پتا چلے ۔
شہباز شریف صاحب "چیمبر" آپ کا خالی ہے اور آپ کی یہاں تلاش جاری ہے۔جو میدان چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں وہ دوسروں کو دروغ گوئی کا کیا درس دے رہے ہیں؟ شہباز صاحب اسحاق ڈارکے ساتھ واپس آئیں تاکہ سچ جھوٹ کا پتہ چلے۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) May 26, 2019
فردوس عاشق اعوان کے جواب پر لیگی رہنما رانا ثناء نے انٹری دیتے ہوئے کہا کہ فردوس باجی شہبازشريف نہيں بلکہ اب آپ سب کے بھاگنے کا وقت قريب آرہا ہے ۔جيسے جيسے شہباز شريف کي واپسي کا وقت قريب آرہا ہے، آپ کا خوف بڑھتا جا رہا ہے۔
سابق وزیر قانون پنجاب نے طنز کیا کہ فردوس باجی ڈالر، بجلي ، گيس مہنگي ہو گئي اورآپکو شہبازشريف کي پڑي ہے۔ 50لاکھ گھروں میں سے کاغذ پر بھی ایک گھر نہ بن سکا، ایک کروڑ نوکریاں کيا ملتيں اُلٹا 20 لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے۔
رانا ثناٗء نے مزید کہا کہ فردوس باجی عمران خان کی نوکری نہیں بلکہ عوام کا خیال کریں ۔