کوئٹہ،پشتون آباد مسجد میں دھماکے کا مقدمہ درج
کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کی مسجد رحمانیہ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ دھماکے میں مسجد امام سمیت چار افراد جاں بحق، جب کہ ستائیس زخمی ہوئے تھے۔
کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کی مسجد رحمانیہ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل، 7 اے ٹی اے سمیت دہشت گردی کی دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران مسجد میں دھماکے سے ابتدائی طور پر ایک شخص جاں بحق، جب کہ بارہ افراد زخمی ہوئے۔ بعد ازاں دیگر تین افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئے۔ مرنے والوں میں مسجد کے امام بھی شامل ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد منبر کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جمعہ کی نماز 2 بج کر 15 منٹ پر ہوتی ہے، جب کہ دھماکا 1 بج کر 15 منٹ پر محراب و منبر کے قریب ہوا اور اس وقت بیان شروع ہونے والا تھا۔
ڈی آئی جی پولیس کے مطابق جمعہ کی مناسبت سے شہر بھر میں 3 ہزار سیکیورٹی اہل کار تعینات کیے گئے، تاہم مذکورہ مسجد میں سیکیورٹی انتظامات ناقص تھے۔ دھماکا مسجد کے اندرونی ہال میں ہوا جہاں نماز جمعہ کےلیے صف بندی کی جا رہی تھی۔