ایم کیو ایم پاکستان کی افطار پارٹی میں آفاق احمد کی شرکت، پرتپاک استقبال
ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد نے کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں شرکت کی۔
آفاق احمد کا افطار ڈنر میں پہنچنے پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور سینئر رہنماء فیصل سبزواری کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
آفاق احمد 1980ء کی دہائی میں ایم کیو ایم بانی الطاف حسین کے قریبی ساتھی تھے تاہم آپسی اختلافات کے باعث انہوں نے 1990ء کے اوائل میں مہاجر قومی موومنٹ سے علیحدگی اختیار کرکے اپنی نئی جماعت ایم کیو ایم حقیقی قائم کرلی تھی، جس کے بعد ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں میں تصادم کے باعث سیکڑوں افراد اپنی جان سے چلے گئے تھے۔
پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء وسیم آفتاب بھی ایم کیو ایم پاکستان کی افطار ڈنر پہنچے تاہم پارٹی سے نکالے گئے سینئر ترین رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کو اس تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ فیصل سبزواری کا ڈاکٹر فاروق ستار کے حوالے سے کئے جانے والے ایک سوال پر دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ انہیں پارٹی سے نکالا جاچکا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے افطار ڈنر میں تحريک انصاف کے اسدعمر، وفاقی وزير شيخ رشيد احمد، پيپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب، فنکشنل ليگ کے پير صدر الدين شاہ راشدی، ارباب غلام رحيم، نہال ہاشمی بھی موجود تھے۔