تازہ ترین

کوئٹہ: پشتون آباد میں نمازِ جمعہ سے قبل دھماکہ،3 افراد جاں بحق،متعدد زخمی

کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کی رحمانيہ مسجد ميں نماز جمعہ کے وقت بیان سے قبل دھماکہ ہوا جس سے 3 افراد جاں بحق اور 2 درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔

  دھماکے کے بعد زخمیوں کو جائے وقوعہ پر موجود دیگر افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ دھماکے کے بعد مسجد کے احاطے میں ہر طرف نمازیوں کی ٹوپیاں اور دیگر سامان بکھرا پڑا تھا۔

سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق 14 زخمی یہاں لائے گئے ہیں جبکہ دیگر زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ زیر علاج زخمیوں کے سر، ٹانگوں اور دیگر حصوں پر زخم ہیں جنہیں ٹراما سینٹر میں فوری امداد دی جا رہی ہے۔ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں نوجوان سمیت مختلف عمر کے افراد شامل ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق جمعہ کی نماز 2 بج کر 15 منٹ پر ہوتی ہے جبکہ دھماکا 1 بج کر 15 منٹ پر محراب و منبر کے قریب ہوا اور اس وقت بیان شروع ہونے والا تھا۔

ڈی آئی جی پولیس کے مطابق جمعہ کی مناسبت سے شہر بھر میں 3 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاہم مذکورہ مسجد میں سیکیورٹی انتظامات ناقص تھے۔ دھماکہ مسجد کے اندرونی ہال میں ہوا جہاں نماز جمعہ کےلیے صف بندی کی جا رہی تھی۔

سماء کوئٹہ کے بیورو چیف جلال نورزئی کے مطابق امکان ہے کہ دھماکے کا ہدف  مسجد کے امام صاحب تھے جن کی شہادت کی اطلاع ہے۔

پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلئے ہیں۔

civil hospital

quetta blast

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div