ہم آج بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں، شاہ محمود کی سشما سوراج سے گفتگو
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج نے چین میں غیر رسمی ملاقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوں، ہم آج بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے چین میں موجود ہیں، جہاں وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے بعد ان سے بھارتی ہم منصب سشما سوراج نے غیر رسمی ملاقات کی۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ آج سشما جی سے ملاقات ہوئی، انہیں گلا تھا کہ ہم کبھی کبھار کڑوا بولتے ہیں، وہ مٹھائی لے کر آئی ہیں تاکہ ہم میٹھا بولیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ پر واضح کردیا کہ ہم تو چاہتے ہیں تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوں، عمران خان نے تو کہا تھا ہندوستان ایک قدم بڑھائے تو ہم دو بڑھائیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ہم تو آج بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔