مستونگ میں دہشت گردوں کے تربیتی کیمپ سے برآمد اسلحہ و بارود میڈیا کے سامنے پیش
مستونگ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے برآمد ہونیوالا اسلحہ و گولا بارود میڈیا کے سامنے پیش کردیا گیا، گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 9 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی تھی، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد ہلاک اور 4 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
فورسز نے14 گھنٹے طویل آپریشن میں دہشت گردوں کا تربیتی کیمپ تباہ کرکے وہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولا بارود بھی قبضے میں لیا تھا، جو آج میڈیا کے سامنے پیش کردیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مستونگ کے علاقے کابو کے پہاڑوں میں کالعدم تنظیم کے تربیتی کیمپ پر آپریشن کیا گیا تھا، جس میں سی ٹی ڈی کے ساتھ ایف سی اور حساس ادارے نے بھی حصہ لیا تھا۔
دہشت گردوں کے ٹھکانے سے برآمد اسلحہ و بارود میں 2 خود کش جیکٹس، 7 سب مشین گنیں، آئی ای ڈیز، 60 کلو دھماکا خیز مواد، راکٹ لانچرز، اینٹی ٹینک مائنز، ڈیٹو نیٹرز، 12 عدد دستی بم، بال بیرنگ اور ایک تیار شدہ بم اور پرائما کارڈز شامل ہیں۔
فورسز کے مطابق کارروائی میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت کیلئے نادرا سے مدد لی جارہی ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کچھ دہشت دہشت رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔