ای سی سی نے کراچی کیلئے 150 میگا واٹ اضافی بجلی کی منظوری دیدی
کراچی کے بجلی صارفین کیلئے خوشخبری، ای سی سی نے ’کے الیکٹرک‘ کو 150 میگاواٹ اضافی بجلی دینے کی منظوری دیدی، کسانوں سے گندم کی سرکاری خریداری کا ہدف 158 ارب روپے مقرر کردیا گیا جبکہ صنعتوں کیلئے بجلی پر 3 روپے فی یونٹ سبسڈی جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی والوں کی موج کرا دی، نیشنل گرڈ سے 2 سال کیلئے کے الیکٹرک کو 150 میگا واٹ اضافی بجلی دینے کی منظوری دیدی گئی۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس نے سابق فاٹا کی 7 ایجنسیوں کو رمضان المبارک میں بجلی کی فراہمی کیلئے 1 ارب 80 کروڑ روپے کی اضافی سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کرلیا، ان علاقوں کو ایک ارب 30 کروڑ روپے ماہانہ سبسڈی پہلے بھی دی جارہی ہے۔
ای سی سی نے بجلی کے صنعتی صارفین کیلئے 3 روپے یونٹ سبسڈی جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ مؤخر کردیا، پاور ڈویژن نے حکومت سے پہلے دی گئی سبسڈی کے 118 ارب روپے مانگ لئے۔
اجلاس میں سرکاری شعبے کیلئے گندم کی خریداری کا ہدف بھی مقرر کردیا گیا، اس مد میں 158 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کردیئے گئے، کاشتکاروں سے 51 لاکھ 50 ہزار ٹن گندم خریدنے کا ٹاسک پنجاب حکومت اور پاسکو کے سپرد کیا گیا ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سعودی ترقیاتی فنڈ کی گرانٹ سے زلزلہ زدہ علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے ٹیکس استثنیٰ اور مختلف وزارتوں کیلئے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری بھی دیدی۔