بلوچستان میں 1133 افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق
محکمہ صحت بلوچستان نے صوبہ بھر میں 1133 افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق کردی۔
صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان انیشی ایٹو پروگرام کے تحت یکم مارچ اور اپریل 2019ء میں صوبہ بھر میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے 56 ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کرنے کے بعد انہیں طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان بھر میں اسکریننگ کے دوران 1133 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوگئی، جنہیں رجسٹرڈ کرلیا گیا ہے، ان میں مرد و خواتین کے علاوہ 10 ٹرانسجینڈر بھی شامل ہیں۔
محکمہ صحت نے مزید بتایا کہ ملیریا کنٹرول پروگرام کے تحت بلوچستان بھر میں 9 ہزار 513 افراد میں مرض کی تشخیض ہوگئی جبکہ ایک ہزار 77 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے جن میں سے ایک ہزار 62 مریضوں کا علاج مکمل ہوگیا، ڈینگی کے زیادہ تر کیسز تربت میں رپورٹ ہوئے۔