تیسرا ون ڈے : پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 359 رنز کا ہدف
پاکستان نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں امام الحق کی شاندار سنچری اور محمد آصف کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کو جیت کیلئے 359 رنز کا ہدف دیا ہے۔
برسٹول میں کھیلے جارہے ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔
پاکستان ٹیم کو ابتداء سے ہی مشکلات کا سامنا رہا، 27 کے مجموعے پر فخر زمان 2 اور بابر اعظم 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
امام الحق اور حارث سہیل کے درمیان 68 رنز کی شراکت قائم ہوئی، مڈل آرڈر بلے باز 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیفٹ ہینڈر اوپنر نے کپتان کے ساتھ مل کر بھی 67 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، سرفراز احمد 27 رنز بناسکے۔
امام الحق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 95 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 131 گیندوں پر 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 151 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جارح مزاج بلے باز محمد آصف نے بھی اپنا روایتی انداز اپنایا اور صرف 43 گیندوں پر 52 رنز بنا ڈالے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
عماد وسیم 22، فہیم اشرف 13، شاہین شاہ آفریدی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حسن علی نے 2 چھکے لگا کر ناقابل شکست 18 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4، ٹام کیورن نے 2، ڈیوڈ ویلی اور پلنکٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔