کوئٹہ میں مسجد کے قریب دھماکا، 4 پولیس اہلکار شہید، متعدد افراد زخمی
کوئٹہ میں مسجد کی سیکیورٹی پر مامور پولیس موبائل کے قریب دھماکے میں 4 اہلکار شہید اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں مسجد ہدیٰ کی سیکیورٹی پر مامور پولیس موبائل کے قریب نماز عشاء سے قبل دھماکے میں 4 اہلکار شہید اور 9 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پردہشت گرد حملہ،ملزمان مارے گئے،آئی جی بلوچستان
حکام کے مطابق دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ علاقے میں سرچ آپریشن کررہا ہے، جاں بحق افراد اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔
نمائندہ سماء کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن کی منی مارکیٹ میں مسجد ہدیٰ کے سامنے کھڑی پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا، جس سے کئی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکا اس وقت ہوا جب نمازی عشاء اور تراویح کیلئے مسجد آرہے تھے۔
مزید جانیے : گوادر ہوٹل حملے میں 5 افراد شہید ہوئے، آئی ایس پی آر کا نیا بیان
بلوچستان میں تین روز میں دہشت گردی کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل ہفتہ کو گوادر کے پی سی ہوٹل میں دہشت گردوں کے حملے میں 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے تھے، سیکیورٹی فورسز نے کئی گھنٹے طویل آپریشن کے بعد تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز عبدالرزاق چیمہ نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نماز تراویح کی سیکیورٹی کیلئے پولیس کی گاڑی موجود تھی، کہ دھماکا ہوگیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا موٹر سائیکل میں نصب بم کے ذریعے کیا گیا۔
انہوں نے تصدیق کی کہ دھماکے میں 4 اہلکار شہید اور 2 شدید زخمی ہوئے جبکہ 7 زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جائے وقوعہ کو سیل کردیا گیا، صبح جائزہ لیں گے۔