پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ون ڈے آج ہوگا
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ آج منگل کے روز برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اگلے میچز میں محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی درکار ہونگے۔
برسٹل میں ہونے والے تیسرا ون ڈے میچ کیلئے شاداب خان کی شرکت بھی متوقع ہے، تاہم حتمی اعلان آج کیا جائے گا۔ دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر خسرا ہونے کے باعث تیسرے ون ڈے کیلئے دستیاب نہیں ہونگے، جس کے بعد ورلڈ کپ کیلئے بھی محمد عامر کی شمولیت کا امکان کم ہوگیا ہے۔ میڈیا سے گفت گو میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ تیسرے میچ کیلئے شعیب ملک اور محمد حفیظ دستیاب ہونگے۔
اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ اوول میں ہونے والا پہلا میچ فقط 19 اوورز کے بعد ہی روکنا پڑا اور بارش کے باعث بے نتیجہ رہا، جب کہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 12 رنز سے شکست دی۔
دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کی جانب سے جوز بٹلر نے سینچری بنائی تھی، جب کہ پاکستان کی طرف سے فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس سے قبل واحد ٹی 20 میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ 17 جب کہ پانچواں اور آخری میچ 19 مئی کو کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کا ریکارڈ اچھا نہیں۔ اس سے قبل آخری دس سالوں میں پاکستانی ٹیم صرف پانچ میچ جیت سکی، جب کہ چودہ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔