کھڑکی صاف کرنے والے کا مذاق کیوں اڑایا؟صبور علی اورصحیفہ جبارکی وضاحت

[video width="640" height="360" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2018/05/saboor-and-saheefa-new.mp4"][/video]

سوشل میڈیا پر اداکارہ صبور علی اور صحیفہ جبارخٹک کو ایک ویڈیو کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ویڈیو میں دونوں نے ڈرامے کی شوٹ کے دوران کھڑکی صاف کرنے والے کا مذاق اڑایا جو انہیں خاصا مہنگا پڑا۔

صبور علی نے گزشتہ روز یہ ویڈیو اپنی انسٹا گرام اسٹوری پر شیئر کی تھی ، جو تیزی سے وائرل ہوئی اور صارفین نے دونوں اداکاراؤں کے اس طرز عمل پر شدید ردعمل کا مظاہرہ کیا۔

ویڈیو کا آغاز ایک کھڑکی صاف کرنے والے سے ہوتا ہے جبکہ پس منظر میں صبور علی ہنستے کہہ رہی ہیں کہ ’’ اس کی ماں نے کیا کیا خواب لے کر اس کو گھر سے بھیجا تھا‘‘۔ جواب میں وہیل چیئر پر بیٹھی صحیفہ جبار خٹک نے لقمہ دیا کہ’’گھر پر یہ اپنی بیڈ شیٹ بھی ٹھیک نہیں کرتا ہوگا، کمبل بھی تہہ نہیں کرتا ہوگا اور یہاں یہ کر رہا ہے‘‘۔

پھر صبور نے ساتھی اداکارعفان وحید سے ان کی رائے پوچھی جس پر ان کا کہنا تھا کہ محنت کر رہا ہے۔

محنت کرنے والے کا مذاق اڑانا سوشل میڈیا صارفین کو ایک آنکھ نہ بھایا اور انہوں نےاس طرزعمل کو شرمناک قراردیا جس پر صبور اور صحیفہ دونوں کی جانب سے وضاحت سامنے آ گئی ہے۔

انسٹا گرام پر اپنی طویل پوسٹ میں صبور نے واضح کیا کہ ویڈیو میں کھڑکی صاف کرنے والا شخص دراصل ان کے ڈرامے کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہے جن کے ساتھ وہ کئی ماہ سے کام کر رہی ہیں اور مذاق بھی چلتا رہتا ہے۔

صبور کے مطابق ویڈیو میں کی جانے والی باتیں سیٹ پر روٹین کا حصہ ہیں جو کہ باہر والوں کو سمجھ نہیں آسکتیں تو کم سے کم کسی کو مجرم ٹھہرانے سے قبل شک کا فائدہ دے دیا کریں۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اس رویے کو غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے قرآن پاک کی آیت سے مثال دی کہ کوئی فاسق تمہارت پاس خبرلے کر آئے تو پہلے اس کی تصدیق کرلیا کروتا کہ بعد میں تمہیں افسوس نہ ہو۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ ویڈیو میں ہم نے کہیں بھی اسے کھڑکی صاف کرنے والا کہا نہ ہی ہم کسی پیشے کا مذاق اڑا رہے ہیں، یہ صرف ایک آپس کا مذاق تھا جسے کسی پیشے کی تضحیک بنا کر پیش کردیا گیا حالانکہ اس میں کوئی حقیقت نہیں، نہ ہی میری تربیت ان اطوار پر ہوئی ہے۔

صبور نے مزید لکھا کہ آئندہ کسی پر انگلی اٹھانے سے پہلے ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کریں، صرف لائکس حاصل کرنے یا فالوورز کی تعداد بڑھانے کیلئے ایسا نہ کریں۔

صحیفہ جبار نے اس حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہا ہم دونوں کا مقصد احسن بھائی کا مذاق اڑانا نہیں تھا، وہ ہمارے قریبی دوست ہیں جنہیں ہم سیٹ پر بہت تنگ کرتے ہیں، آپ لوگ یکطرفہ تصویر دیکھ کر ہمیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اداکارہ نے بلاگرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی نہ سنا کریں، وہ ریٹنگ کیلئے ایسا کرتے ہیں۔

Saboor Ali

Saheefa Jabbar Khattak

window cleaner

Saboor Aly

Tabool ads will show in this div