عدالت نے ملٹری زمین پرکمرشل تعمیرات کی اجازت منسوخ کردی
کراچی کی عدالت نے کلفٹن کے علاقے میں ملٹری زمین پر کمرشل تعمیرات کی اجازت منسوخ کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں ملٹری زمین پر کمرشل تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جمعہ کے روز ہونے والی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور نے کیس سے متعلق پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔
عدالت کے روبرو اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اراضی پر کمرشل تعمیرات کی اجازت منسوخ کر رہے ہیں۔
انور منصور کا مزید کہنا تھا کہ عدالت کو یقین دلاتے ہیں رہائشی علاقے میں کمرشل تعمیرات نہیں کی جائیں گی، یہ زمین قانونی طور پر کلیئر ہے، تاہم اب درست مقاصد کیلئے ہی استعمال ہوگی۔ اٹارنی جنرل کے بیان کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کلفٹن دو تلوار کے قریب واقع رہائشی علاقے میں ملٹری کی زمین پر کمرشل تعمیرات جاری تھیں، جس کے خلاف اہل علاقہ نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ گزشتہ سماعت میں عدالت کی جانب سے اٹارنی جنرل آف پاکستان سے پلاٹ پر رپورٹ طلب کی گئی تھی۔