معروف سابق فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم پر گاڑی چلانے پر پابندی

سابق معروف انگلش فٹ بالر ڈیوڈ بیکھم پر چھ ماہ کیلئے گاڑی چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ سے جاری خبروں کے مطابق سابق انگلش فٹ بالر پر پابندی ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر لگائی گئی۔ اسٹار فٹ بالر کو گزشتہ سال نومبر میں شہری نے ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرتے ہوئے دیکھا تھا۔

برطانوی پولیس کے مطابق ڈیوڈ بیکھم پر چھ ماہ کیلئے گاڑی چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں ڈیوڈ بیکھم کو وسطی لندن میں بینٹلے اسٹریٹ پر ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر روکا گیا تھا۔

اس سے قبل بھی تیز ڈرائیونگ پر بیکھم کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ عدالت کی جانب سے بیکھم کو سات روز کے اندر کل 750 برطانوی پاونڈ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جس میں 100 پاونڈ پراسیکیوشن کے اخراجات اور 75 پاونڈ سرچارج فیس ہے۔

ڈسٹرکٹ عدالت کی جج کیتھرین مور کا کہنا ہے کہ بے شک اس وقت ٹریفک سست روی کا شکار تھا، تاہم قانون سب کیلئے برابر اور ایک جیسا ہے۔

پراسیکیوٹر میتھیو اسپریٹ کے مطابق بجائے اس کے کہ ڈیوڈ بیکھم گاڑی چلاتے ہوئے سامنے کی جانب دیکھتے، وہ اپنی ٹانگ پر لگے موبائل کی اسکرین کی جانب دیکھ رہے تھے، جو کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتا تھا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی اور سخت سزا مقرر ہے، تاہم آپ ہینڈ فری کا استعمال کرسکتے ہیں۔

 

خلاف ورزی پر متعلقہ شخص کو ڈرائیونگ لائسنس پر 6 پوائنٹس پینلٹی لگتی ہے، جب کہ 200 پاونڈ جرمانہ بھی ادا کرنا پڑتا ہے، تاہم یہ جرمانہ معاملے کی سنگینت پر منحصر ہے، جب کہ بعض مقدموں میں خلاف ورزی کرنے والوں کو عدالت کا منہ بھی دیکھنا پڑتا ہے اور سنگین سزاوں کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔

footballer

David Beckham

Manchester United

mobile phone usage

Driving licence

Tabool ads will show in this div