پاک انگلینڈ دوسرا ون ڈے، قومی ٹیم ساوتھ ہیمپٹن پہنچ گئی
پاکستان کرکٹ ٹيم لندن سے ساوتھ ہيمپٹن پہنچ گئي۔ جہاں آج وہ پريکٹس سيشن ميں حصہ لے گي۔ سيريز کا دوسرا ون ڈے ہفتے کو کھيلا جائے گا۔
لندن کے بعد قومی کرکٹ ٹیم نے اگلے پڑاو کیلئے ساوتھ ہیمپٹن کا رخ کرلیا، جہاں کھلاڑی آج پريکٹس سيشن ميں حصہ لیں گے۔ سيريز کا دوسرا ون ڈے ہفتہ 11 مئی کو کھيلا جائے گا۔ اس سے قبل اوول ميں ہونے والا پہلا ون ڈے بارش کي نذر ہوگيا تھا۔
اوول میں بارش کی نذر ہونے والا ون ڈے کے دوران صرف انیس اوورز کا میچ کھیلا گیا، تاہم میچ نے یہ ثابت کردیا کہ اگر ورلڈ کپ کے دوران وکٹ میں سوئنگ ہوا تو پاکستان کے لیے بیٹنگ مشکل ہوجائے گی۔
پہلے ون ڈے میں فخر زمان گیارہ گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے، جب کہ بابر اعظم فقط سولہ رنز بنا سکے۔ بارش کی وجہ سے میچ رکا تو گرین شرٹس نے دو وکٹوں پر اسی رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم اور میزبان انگلینڈ کے درمیان ہونے والے واحد ٹی 20 میچ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ہرا دیا تھا۔
انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم کا ریکارڈ اچھا نہیں۔ اس سے قبل آخری دس سالوں میں پاکستانی ٹیم صرف پانچ میچ جیت سکی، جب کہ چودہ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔