سرکلر ریلوے کا ٹریک صاف کرنے کے عدالتی حکم پر عمل کریں گے،شیخ رشید

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کے روٹ سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے 15 دن کا وقت دیا ہے، فیصلے پر عمل کریں گے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتےہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کے سی آر روٹ کا 46 ایکڑ ریلوے کے استعمال میں ہے جس میں سے 9 ایکڑ خالی کردیا گیا ہے،20 ایکڑ مزید بھی جلد خالی کردیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے بے گھر افراد کو ایک سال میں آباد کرنا ہے، سندھ حکومت ہمارے ساتھ بیٹھے،محکمہ ریلوے عدالت کے فیصلے پر پہرا دے گا، ہم کے سی آر کے 60 فیصد کے شیئر ہولڈرہیں، وہ بھی دینے کو تیار ہیں، نتیجہ جو بھی ہوگا اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔