بلاول کا رمضان کے بعد حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلنے کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کی پالیسیوں کو مزدو کش قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ رمضان کے بعد حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔
کراچی کے علاقے داؤود چورنگی میں یوم مزدور کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے پاکستان میں مزدوروں کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ ملک بھرمیں محنت کشوں کی تنظیموں کو ختم کیا جارہا ہے۔ مزدوروں کے حقوق کی جنگ میں ان کےساتھ کھڑا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث مزدوروں کیلئے گھر چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ وزیر خزانہ کو ہٹاکر عمران خان نے تسلیم کرلیا کہ ان کی معاشی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔ انہیں ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔
کالے دھند کو سفید کرنے کیلئے لائی گئی اسکیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کی نا اہلی کا بوجھ غریب عوام اٹھا رہے ہیں۔ امیروں کیلئے ایمنسٹی اسکیم لائی جارہی ہے اورغریبوں پر مہنگائی کا بم پھاڑا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب گردی اور سیاسی انتقام سے جمہوریت کمزور ہوگی۔ اگر احتساب کرنا ہے تو سب کا کیا جائے ورنہ دمادم مست قلندر ہوگا۔
تحریک انصاف کی اتحادی جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نام نہاد کراچی کی قیادت شہریوں کی بات نہیں کرتی۔ یہ لوگ ہمیں لسانی بنیادوں پر لڑوانا چاہتے ہیں۔ کراچی میں کوئی جماعت کام کر رہی ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے۔