آئندہ ہر سال ’بھارتی طیارے مار گرانے کا دن‘ منایا جائے گا، ایئر چیف

May 01, 2019

پاکستان ایئرفورس نے بھارتی طیارے گرانے کی خوشی میں ہر سال 27 فروری کو ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے نام سے منانے کا اعلان کردیا۔

ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں 264 ویں ائیر اسٹاف پریزینٹیشن کی تقریب ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ مارشل مجاہد انور خان نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیسز میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

تقریب سے خطاب کے دوران ائیر چیف نے رواں برس 27 فروری کو بھارت کیخلاف پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن تاریخ میں ہمیشہ ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے نام سے یاد رکھا جائے گا اور ہر سال اسے منایا جائے گا۔

ائیر چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے تمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں اور آئندہ بھی دشمن کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ سخت انداز سے دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 26 فروری کو بھارتی فضائیہ نے بالاکوٹ کے مقام پر بم گرائے اور اگلے ہی روز 27 فروری کی صبح پاک فضائیہ نے بھارت کے 2 طیارے مار گرائے جبکہ ایک پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کرلیا۔

AIR FORCE

Tabool ads will show in this div