بلدیہ ضلع وسطی کے چاروں زونز کی بجلی منقطع
کراچی میں کے الیکٹرک نے بلدیہ ضلع وسطی کے چاروں زونز کی بجلی منقطع کردی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی منقطع کرنے بعد سخت گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی حرارت بلدیہ وسطی کے دفاتر میں بھی محسوس کی جانے لگی۔
عوامی مسائل کے حل کے لیے قائم دفاتر میں عوامی خدمات کے کام شدید متاثر ہوا جبکہ بلدیہ وسطی کے دفتری امور ٹھپ ہوکر رہ گئے۔
کے الیکٹرک انتظامیہ نے ڈیڑھ ارب کے واجبات کا بہانہ بناکر بلدیہ وسطی کی بجلی منقطع کردی۔
چئیرمین بلدیہ وسطی محمد ریحان ہاشمی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کا عوامی خدمت کے دفاتر کے ساتھ رویہ ناقابل برداشت ہے، کے الیکٹرک کے ذمہ بلدیہ وسطی کے 26 ارب کے بقایاجات واجب الادا ہیں۔
صارفین کی سہولت کیلئے کے الیکٹرک کی موبائل ایپ متعارف
ریحان ہاشمی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک فوری طور پر بلدیہ وسطی کے واجبات ادا کرے، بلدیہ وسطی اپنے بقایاجات کی مد میں ہر طرح کا قانونی حق محفوظ رکھتا ہے، کے الیکٹرک اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر قانونی و احتجاجی چارہ جوئ کی جائے گی۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ دو کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد کے واجبات پر ڈی ایم سی کے چار کنکشنز منقطع کر دیے گئے ہیں، ڈی ایم سی کے 336 کنیکشن پر ڈھائی ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ متعلقہ انتظامیہ کو واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے نوٹس بھی بھیجے گئے، متعلقہ حکام سے واجبات کی جلد ادائیگی کے حوالے سے درخواست کی جاتی ہے۔