خیبرپختونخوا : اپوزیشن جماعتوں کا بلدیاتی نظام میں تبدیلی پر عدالت جانیکا اعلان

خیبرپختونخوا کی اپوزیشن جماعتوں نے ترقیاتی فنڈز میں نظر انداز کرنے پر وزیراعلیٰ اور بلدیاتی ترمیمی بل کی غیر آئینی انداز میں منظوری کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔
صوبائی اسمبلی کے احاطے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف اکرم درانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان کے پیچھے لاکھوں لوگ ہیں لیکن حکومت مسلسل امتیازی سلوک کررہی ہے، مشتاق غنی اور سیکریٹری اسمبلی کا جانبدارانہ رویہ بھی ناقابل برداشت ہوگیا ہے، اسپیکر آمرانہ انداز میں اسمبلی بزنس چلانا چاہتے ہیں، جس کی وجہ سے صوبائی اسمبلی مزید چلتی ہوئی نظر نہیں آرہی۔
جے یو آئی کے سینئر رہنماء نے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے سچ کو جھوٹ بنانا بائیں ہاتھ کا کھیل ہے، شوکت یوسفزئی نے بلین ٹری سونامی منصوبے میں کرپشن کے ثبوتوں کی موجودگی سے خائف ہوکر بنوں کا دورۂ منسوخ کیا تھا۔
اکرم درانی کا مزید کہنا تھا کہ اب ہم بلین ٹری سونامی، بی آر ٹی اور ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی کرپشن کی کہانیاں بھی عوام کے سامنے لائیں گے۔