تازہ ترین

دودوچہ ڈیم کی تعمیر، پنجاب حکومت نے بحریہ ٹاؤن کی پیشکش مسترد کردی

 

پنجاب حکومت نے بحریہ ٹاؤن کی جا نب سے دودوچہ ڈیم بنانے کی پیشکش مسترد کردی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے خود ڈیم تعمیر کرنے کی یقین دہانی کے بعد سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا۔

سپریم کورٹ میں دودوچہ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پنجاب حکومت نے ڈیم بنانے کی بحریہ ٹاؤن کی پیشکش مسترد کردی۔

سیکرٹری آبپاشی نے کہا کہ تکنیکی ماہرین نے بحریہ ٹاؤن کی پیشکش پر 108سوالات اٹھائے جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ جتنے سوال اٹھائے گئے ہیں بحریہ ٹاؤن پھر نہ ہی سمجھے۔

سیکرٹری آبپاشی نے کہا دودوچہ ڈیم کو اس کی اصل جگہ پر عدالتی فیصلے کے مطابق ہی تعمیر کیا جائے گا، یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ ڈیم کی تعمیر دسمبر 2021 مکمل ہوجائے گی۔

صوبائی حکومت کی خود دودوچہ ڈیم تعمیر کرنے کی یقین دہانی پر عدالت نے کیس نمٹا دیا۔

نئے ڈیموں کی تعمیر کا معاملہ، پنجاب حکومت بازی لے گئی

اس سے قبل نومبر 2018 میں پنجاب حکومت نے ڈوڈوچہ ڈیم کی تعمیر اسی ماہ شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے سپریم کورٹ میں پلان جمع کرایا تھا۔ زمین کی خریداری کیلئے پنجاب حکومت نے بجٹ میں 2 ارب 80کروڑ روپے مختص کیے۔ پلان کے تحت ڈیم دو سال کی قلیل مدت میں مکمل ہوگا جبکہ نومبر2020 تک ڈیم میں پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کو ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دے رکھا تھا ۔

Dadocha Dam

Tabool ads will show in this div