سری لنکا،فورسز کا چھاپہ،3خود کش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا

سری لنکن پولیس کے مطابق مشترکا چھاپے کے دوران مشتبہ مکان میں تین خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، مکان کے باہر سے بھی تین حملہ آوروں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں، جب کہ 6 بچوں سمیت 16 افراد کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے سری لنکن پولیس کے حوالے سے دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 افراد جس میں 6 بچے بھی شامل ہیں سیکیورٹی فورسز کے چھاپے کے دوران مشتبہ مکان میں فائرنگ اور خود کش جیکٹ پھٹنے سے ہلاک ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپا کالمونائی کے شمالی قصبے میں رات گئے مارا گیا۔ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کے اہل کار بھی شامل تھے۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکان کے باہر سے ملنے والے تین لاشیں بھی حملہ آوروں کی ہیں۔

فورسز کے مطابق فائرنگ کا آغاز اس وقت ہوا جب مکان میں موجود دہشت گردوں نے اہل کاروں کو مکان کی جانب آتے دیکھا۔ فوجی ترجمان کے مطابق مکان چاروں جانب سے اندھیرے میں گھرا ہوا تھا، دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ شروع ہوئی اس کی زد میں آکر دیگر افراد ہلاک ہوئے۔

 

فوجی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چھاپہ ایسٹر دھماکوں کے بعد گرفتار ہونے والے افراد کی نشاندہی پر کیا گیا۔ حملے میں کوئی اہل کار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق مکان سے داعش کی ایسی ہی فوجی طرز کی وردیاں برآمد کی گئی ہیں، جو ایسٹر دھماکوں میں حملہ آوروں نے پہنی ہوئی تھیں۔

مکان میں وہ جگہ بھی دریافت کی گئی، جہاں حملہ آور اپنے حملے سے متعلق ویڈیوز کی ریکارڈنگ کیا کرتے تھے۔ مکان سے داعش کا جھنڈا ، 150 ڈائنامائڈ کی لکڑیاں اور تقریبا 1 لاکھ بال بیرنگ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ فورسز کے مطابق علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔

 

واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر آٹھ مقامات پر خودکش حملوں اور دھماکوں میں 275 افراد ہلاک، جب کہ 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حملوں کی ذمہ داری ابتدائی طور پر مقامی انتہا پسند تنظیم این ٹی جے پر لگائی گئی تھی، جب کہ بعد ازاں حملوں کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے قبول کرنے کی ویڈیو اور تصاویر جاری کی گئیں۔

DAESH

church attack

IS claims

Easter Attack

NTJ

Tabool ads will show in this div