نشوہ کے والد کی دھرنا دینے کی دھمکی

کراچی میں انتقال کرنے والی 9 ماہ کی بچی نشوہ کے والد قيصر نے دارالصحت اسپتال کے چيئرمين ، وائس چيئرمين اور ايگزيکيٹيو ڈائريکٹر کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرديا اور کہا کہ اگر 2 مطالبات پورے نہيں ہوئے تو دھرنا دوں گا۔ وہ ہيلتھ کيئر کميشن کي کارکردگي سے غیر مطمئن نظر آئے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتےہوئے نشوا کے والد قیصر نے کہا کہ دارالصحت اسپتال کو سیل کرنے کا مطالبہ پورا ہوگیا تاہم اب بھی دو مطالبات پورے نہیں ہوئے، دارالصحت کے مالکان کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔
نشوا کے والد قیصر علی کا کہنا تھاکہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن پر بھروسہ نہیں،اسپتالوں کی رجسٹریشن اور لائسنس کے حوالے سے کمیشن بنایا جائے۔ انھوں نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں دھرنا دینے کا اعلان کرديا۔
انھوں نے کہا کہ اسپتال انتظاميہ کو چاہيے تھا کہ پہلے آگاہ کرتےہوئے اس اسپتال میں بچوں کا آئي سي يو نہيں ہے، وہ 5 دن تک نشوہ پر تجربے کرتے رہے، اگر بيٹي کو پہلے ہی منتقل کرديا جاتا تو وہ بچ سکتي تھی۔
قیصرعلی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ نہیں چاہتے کہ جيسا ان کي بيٹي کے ساتھ ہوا کسي اور کي بيٹي کے ساتھ ہو۔ انہوں نے نشوا کیلئے آواز اٹھانے پر میڈیا کا بھي شکریہ ادا کیا۔