پانی کی ٹنکی پر چڑھے قیدی کی خود کشی کی کوشش،پھندا لگا لیا
ویب ایڈیٹر :
ملتان : ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں پانی کی ٹنکی پر چڑھ کر انوکھا احتجاج کرنے والے قیدی نے خود کو پھندہ لگا لیا، تاہم ریسکیو ٹیموں اور جیل انتظامیہ کی بروقت مداخلت اور پہنچنے پر قیدی کو خودکشی کرنے سے بچا لیا گیا۔
ملتان کی ڈسٹرکٹ جیل میں اس وقت عجیب و غریب احتجاج دیکھنے میں آیا، جب قتل کے جرم میں قید بلوچستان سے تعلق رکھنے والے قیدی نے جیل کی چھت پر بنی پانی کی ٹنکی پر چڑھ کر انوکھا احتجاج شروع کیا۔ قیدی غلام محمد کا مطالبہ تھا کہ وومن جیل میں قید اس کی محبوبہ سے ملاقات کرائی جائے، وہ شریک جرم کو شریک حیات بنانا چاہتا ہے، تاہم جیل انتظامیہ بضد تھی کہ ایسا ممکن نہیں۔ قیدی نے پانی کی ٹنکی پر چڑھ کر اپنے گلے میں رسی ڈال لی اور مطالبہ پورا نہ ہونے پر خود کشی کی دھمکی دی۔
جیل انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیوں کی جانب سے قتل جیسے سنگین جرم میں سزا کاٹنے والے قیدی کی منت سماجت کی گئیں، مگر ضدی عاشق اپنی محبوبہ سے ملاقات کا شرف پانے کے مطالبے پر ٹس سے مس نہ ہوا۔ بالا آخر جیل انتظامیہ اور دیگر حکام کو ہٹ دھرم عاشق کی ضد کے ہاتھوں مجبور ہونا پڑا اور وومن جیل میں قید غلام محمد کی محبوبہ جو نہ صر ف اس کی گرل فرینڈ ہیں، بلکہ سونے پر سہاگہ شریک جرم بھی ہے ڈسٹرکٹ جیل کیلئے روانہ کیا گیا۔
دونوں کے درمیان ظالم سماج کی طرح دیوار بننے حکام کے حکم پر مذکورہ ملزمہ کو گاڑی میں بٹھا کر چاہ و ارمان سے ڈسٹرکٹ جیل لایا گیا، تاہم پھر بھی دونوں کی ملاقات کا ارمان دل میں ہی رہا، محبوبہ زمین پر ملاقات کی آس میں تو محبوب قیدی پانی کی ٹنکی پر ملاقات کی خواہش آنکھوں میں سجائے ملن کی آس میں انتظار کرنے لگا،تاہم ان کا ملن اپنے انجام کو نہ پہنچ سکا۔
جب صبر اور پیار کا نشہ حد سے بڑھ جائے ، ضبط کا بندھن ٹوٹ جائے تو پھر ایسا ہی کچھ ہوتا ہے جو ملتان کے قیدی نے کیا۔ جذبات کی رو میں بہہ کر قیدی نے جب دیکھا کے ریسکیو اہل کار اسنارکل کی مدد سے اسے نیچے اتارنے آ رہے ہیں تو قیدی نے بلا کی پھرتی دیکھاتے ہوئے گلے میں اٹکایا ہوا پھندہ سخت کر لیا اور نیچے کی طرف چھلانگ لگا کر خود کشی کی کوشش کی، جسے دیکھ کر ریسکیو ٹیمیوں اور انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں اور خودکشی کی کوشش کرنے والے مجنون کو سنبھالا اور نیچے اتار لیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ قیدی صبح سے ہی ٹینکی پر چڑھا بیٹھا تھا، قیدی غلام محمد کو 2 نومبر کو جیل منتقل کیا گیا تھا، قیدی اور ملزمہ کا تعلق بلوچستان سے ہے، جو مشترکہ قتل کے مقدمے میں سزا کاٹ رہے ہیں، دونوں پر ملزمہ کے سابق عاشق کے قتل کا الزام ہے۔ سماء