عالیہ بھٹ نئی فلم کیلئے صنم سعید سے اداکاری سیکھنے لگیں
بھارت میں آرٹ اکیڈمیوں کی کمی نہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ان اکیڈمیوں میں اداکاری سکھانے کیلئے بھی پاکستانی ڈراموں کا سہارا لیا جاتا ہے۔بڑے بڑے نقادوں کا بھی ماننا ہے کہ اداکاری اور کہانی کے لحاظ سے پاکستانی ڈرامہ کو بھارتی ڈرامہ پر سبقت حاصل ہے ۔
ڈرامہ سیریل ’’ہمسفر‘‘ سے فواد خان اور ماہرہ کا نام بھارت میں گھر گھر لیا جانے لگا تو اس دوڑ میں اب صنم سعید بھی شامل ہو گئی ہیں جن کا بہترین ڈرامہ ’’زندگی گلزار ہے‘‘ دیکھ کر عالیہ بھٹ اداکاری سیکھ رہی ہیں۔
زندگی گلزار ہے میں صنم سعید نے کشف مرتضیٰ کا کردار ادا کیا تھا جو باپ کے چھوڑ جانے پر ماں اور بہن کے ہمراہ مشکلات سے بھرپور مگر پرعزم زندگی گزار رہی ہوتی ہے ، اپنی قابلیت کی بناء پر سب کو پیچھے چھوڑجانے والی کشف کا کردار بےحد پسند کیا گیا تھا جسے صنم نے کمال اعتماد کے بہترین انداز میں نبھایا جبکہ ان کے مقابل زارون کے روپ میں فواد خان تھے جو بالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ نئی آنے والی فلم ’’کلنک ‘‘ کے کردار کو نکھارنے کیلئے فلم کے ڈائریکٹر ابھیشک ورما نے انہیں ڈرامہ سیریل ’’زندگی گلزار ہے ‘‘ میں صنم سعید کی پرفارمنس دیکھنے کے لیے کہا ۔
رپورٹ کے مطابق عالیہ کا کہنا تھا کہ میں نے باوقار انداز اور باڈی لینگویج کیلئے فلم ’’مغل اعظم ‘‘ اور ’’امراؤ جان ادا‘‘بہت بار دیکھیں، فلم کلنک میں مجھے اردو بولنا ہے ، ابھیشک نے مجھ سے کہا کہ ڈرامہ ’’زندگی گلزار ہے ‘‘ دیکھو۔
عالیہ کا مزید کہنا تھا کہ فلم ’’‘کلنک ‘‘ میں روپ کا کردار بھی کم وبیش کشف کی طرح ہی جذباتی اتار چڑھاؤ کا سامنا کرتا ہے اس لیے اس کردار کودیکھنا مطابقت بھی رکھتا تھا۔
بھارتی نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں عالیہ بھٹ نے کہا کہ روپ کا کردار کشف کی طرح اپنے کندھوں پر بہت سی ذمہ داریاں لیے ہوئے ہے اسی لیے وہ ہمیشہ خوش نہیں رہ سکتی۔ وہ کمزور ہے لیکن مضبوط بھی ہے اور یہ کسی بھی کردار کیلئے بہت مشکل ہوتا ہے کہ آپ ایک ہی وقت میں ناخوش، کمزور اور پھر خوش بھی دکھائی دیں۔
@aliaa08 if this isn't made up news, I'm tickled pink ?. Best wishes. Xx
Kalank: Alia Bhatt reveals she drew inspiration from Sanam Saeed's 'Zindagi Gulzar Hai' character to prep for Roop https://t.co/3O1Vl48fCw via @dna — Sanam Saeed (@sanammodysaeed) April 8, 2019
یہ خبر صنم سعید تک بھی پہنچی جس پر اداکارہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عالیہ کو نیک خواہشات بھیجیں اور یہ خبر ری ٹویٹ کی۔